29 جون ، 2012
اسلام آباد … محکمہ موسمیات نے کل سے پنجاب، بالائی سندھ اور مشرقی بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید گرمی کے زیراثر آجانے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور مشرقی بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر اگلے 3 روز تک جاری رہے گی، اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسم خشک اور گرم رہے گا، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ اور مکران ڈویژن کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی چلنے کے ساتھ چند ایک مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلا دھار بارش کے باعث گرمی کی شدت کم رہی، مالم جبہ میں سب سے زیادہ 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کے روز 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ دادو، تربت اور دالبندین ملک کے گرم ترین علاقے رہے، سبی اور بہاول نگر میں 44، جیکب آباد اور سکھر میں 43 جبکہ لاہور، لاڑکانہ اور پشاور میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد، ملتان اور فیصل آباد میں 41، کوئٹہ میں 36، کراچی میں 34 جبکہ مری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔