29 جون ، 2012
ٹھٹھہ…ٹھٹھہ میں ذوالفقار آباد منصوبے پر شاہ بندر کی 60 ہزار ایکڑ زمین سے ابتداء کی جائے گی جبکہ ٹھٹھہ کے ممبران اسمبلی نے انتظامی امور میں مقامی نمائندگی کا مطالبہ کیا ہے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو کے ساتھ پیپلز پارٹی کے رہنماتاج حیدر نے سندھ اسمبلی میں ذوالفقار آباد منصوبے پر بریفنگ دی۔ذوالفقار آباد منصوبے کی بریفنگ میں ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والی صوبائی وزیر سسی پلیجو ،ایم پی اے عثمان جلبانی اور محمد علی ملکانی نے شرکت نہیں کی۔ حا جی منور عباسی نے کہا کہ ذوالفقار آباد اتھارٹی کے سینئرحکام کو بھی بریفنگ میں موجود ہونا چاہئے۔ ممبران نے کہا کہ ذوالفقار آباد منصوبے میں کیا ہورہا ہے کہاں دفتر ہے ہمیں نہیں پتہ تو عوام کو کیا بتائیں۔تاج حیدر نے بریفنگ میں بتایا کہ روزانہ 18 ایکڑ اراضی سمندر برد ہورہی ہے اور2025 تک ضلع ٹھٹھہ کے سمندر برد ہونے کا خدشہ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں شاہ بندر کی 60 ہزار ایکڑ زمین پر ذوالفقار آباد منصوبے کی ابتداء کررہے ہیں، پہلے مرحلے میں دھنداری برج، منی سی پورٹ اور 250 میگا واٹ کے ونڈ پاور پلانٹ پر کام شروع کیا جائے گا۔ہیراسماعیل سوہو اور صادق میمن نے مطالبہ کیا کہ ذوالفقار آباد منصوبے میں مقامی ایم پی ایز اور نمائندوں کو انتظامی امور میں شامل کیا جائے۔