14 فروری ، 2017
عبدالماجد بھٹی...پاکستان سپر لیگ کے دوران میچ فکسنگ کےشبہے میں سابق کرکٹر ناصرجمشید اور مشکوک شخص یوسف کو برطانیہ میں گرفتار کرلیا گیا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ناصرجمشید اورمشکوک شخص یوسف کوبرطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے گرفتارکیا ۔
نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق اسپاٹ فکسنگ معاملے میں 2 افراد کو حراست میں لیا ہے، جن کی عمر 30سے 40برس کے درمیان ہے۔
نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان دونوں افراد کو 13 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا جنہیں اپریل 2017ء تک ضمانت پر رہائی دے دی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان گرفتاریوں کا تعلق پاکستان سپرلیگ میں جاری میچ فکسنگ اسکینڈل سے ہے۔
ترجمان نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ پی سی بی اورآئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹس سے مل کرتحقیقات کررہے ہیں۔
این سی اے ذرائع کے مطابق انٹرویو کے دوران ناصر جمشید کی جانب سےان کا وکیل پیش ہوا، ناصرجمشید نے ہر مرحلے پر تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
این سی اے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ناصرجمشید کوضمانت پر رہائی دی گئی تاہم تحقیقات جاری ہے،ان پرباضابطہ الزام عائد نہیں کیا گیا۔
نیشنل کرائم ایجنسی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ناصرجمشید کے وکیل اور برطانوی دوست کی یقین دہانی پرضمانت ہوئی، تحقیقات مکمل ہونے اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ہی پولیس الزام عائد کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث مشکوک شخص یوسف کا پورا نام یوسف انورہے اور وہ شیفیلڈ کےقریب روتھرم میں رہتا ہے، یوسف گریٹ مانچسٹرکی جانب سےلیگ کرکٹ کھیلتا تھا۔