30 جون ، 2012
واشنگٹن … تین امریکی کمپنیوں کو چین کو غیرقانونی طور پر دفاعی آلات فراہم کرنے پر ساڑھے سات کروڑ ڈالر جرمانہ کردیا گیا۔ امریکی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق یونائٹیڈ ٹیکنالوجیز کارپوریشن اور اس کے دو ذیلی اداروں نے چین کوجدید فوجی ہیلی کاپٹروں کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات فراہم کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ نے 1989ء میں تیانن من اسکوائر واقعہ کے بعد چین کو زیڈ10- نامی ہیلی کاپٹروں کے پرزے برآمد کرنے پر پابندی عائد کردی تھی لیکن مذکورہ کمپنیوں نے اس پابندی کے باوجود یہ آلات چین کو برآمد کئے۔ امریکی دفاعی حکام نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر تیار کرنے والی کمپنیوں نے سویلین چینی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کیلئے غیرقانونی اقدام کیا۔