30 جون ، 2012
لاہور … نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جھوٹے الزامات کی سیاست سے عوام تنگ آ چکے ہیں، نام نہاد خادمِ اعلیٰ نے سرکاری ملازمین کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے بجلی اور گیس کے بحران پر قابو پانے اور عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے مسلسل ربطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نام نہاد خادم اعلیٰ کو چاہئے کہ وہ عوام کے مسائل پر سیاست نہ کریں، عوام ان کے جھوٹے نعروں اور الزام تراشی کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔