پاکستان
30 جون ، 2012

سپریم کورٹ بار کا بلوچستان کے حالات پر قومی کانفرنس کا اعلان

سپریم کورٹ بار کا بلوچستان کے حالات پر قومی کانفرنس کا اعلان

پشاور … سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بلوچستان کے حالات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کوئٹہ میں قومی اور مقامی رہنماوٴں پر مشتمل کانفرنس منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس صدر یاسین آزاد کی زیر صدارت پشاور میں ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے یاسین آزاد نے کہا کہ بلوچستان میں مسخ شدہ لاشوں کا ملنا اور لاپتہ افراد کے واقعات قابل تشویش ہیں، 26مئی کو اسلام آباد میں بلوچستان کے حالات پر ہونے والے اجلاس کے بعد حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔ یاسین آزاد نے چاروں صوبوں میں امن وامان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں بے بس نہیں ہیں،اس لئے اعلیٰ عدالتوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کی کوئی ضرورت نہیں۔ سپریم کورٹ بار کے اجلاس میں ڈپٹی اٹارنی جنرل خورشید خان کو دورہ بھارت میں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

مزید خبریں :