کاروبار
30 جون ، 2012

وفاقی حکومت نے مالی بحران کے شکار صوبہ سندھ کو رقم جاری کردی

 وفاقی حکومت نے مالی بحران کے شکار صوبہ سندھ کو رقم جاری کردی

اسلام آباد … وفاقی حکومت کی جانب سے مالی بحران سے دوچار صوبہ سندھ کو رقم کا اجراء کردیا گیا، مرکزی بینک نے تمام بینکوں کو حکومت سندھ کے چیکس کلیئر کرنے کی ہدایت کردی۔ چند روز قبل اسٹیٹ بینک نے سندھ حکومت کو رقم کی حد 15 ارب روپے سے تجاوز کر جانے پر ادائیگیاں روک دی تھیں، رقم کی عدم دستیابی کے باعث حکومت سندھ شدید مالی بحران سے دوچار تھی اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے رقم کے اجراء کی گزارش کی گئی تھی، جس پر وفاقی حکومت نے سندھ کیلئے تقریباً 23 ارب 40 کروڑ روپے جاری کردیئے ہیں۔ جس کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے رکے ہوئے چیکس کلیئر ہونا شروع ہوگئے۔ دو روز قبل بھی ادائیگیوں کا مسئلہ بڑھنے پر وفاق کی جانب سے کچھ رقم جاری کی گئی، جو ناکافی تھی، لیکن جلد ہی اسے بھی روک دیا گیا تھا۔ تاہم رقم ملنے کے بعد سپلائرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو بھی رقم کا اجراء شروع ہوگیا ہے۔ رقم ملنے سے ایک طرف تو حکومت سندھ مالی بحران سے باہر نکل آئے گا تو دوسری جانب ملازمین کو تنخواہوں کا حصول بھی ممکن ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :