02 جولائی ، 2012
کراچی …پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مرزا علی اظہر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرسکتے ہیں ، فوج مسائل کا حل نہیں واپس بیرکوں میں جائیں ،پی ایم اے ہاوس کراچی میں پنجاب میں پولیس کے ہاتھوں ڈاکٹرز کی گرفتاریوں اور تشدد کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس سے پی ایم اے کے عہدیداروں کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ڈاکٹرز کو اپنے فیکٹری ورکرز کی طرح چلانا چاہتے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ پی ایم اے ڈاکٹرز کی ہڑتال کے حق میں نہیں تاہم ان کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز ہڑتال اور حکومت ہٹ دھرمی کررہی ہے اس صورتحال سے غریب عوام اور مریض پریشان ہیں جو پی ایم اے کے لیے قابل قبول نہیں ، ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں ، ڈاکٹرز پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ڈاکٹرز کے خلاف کارروائیاں اور میڈیا مہم بند کرے اور ڈاکٹرز کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں ، پی ایم اے کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ صورتحال پر وفاقی حکومت نے خاموشی اختیار کررکھی ہے جبکہ ایسا لگتا ہے کہ شہباز شریف ڈاکٹرز کو مارمارکر ملک سے بھگانا چاہتے ہیں ۔