02 جولائی ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے ڈیفالٹرز کے کنکشن منقطع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو وصولیاں بہتر بنانے اور ہر کمپنی کو آئندہ 10 ر وز میں اپنی گزشتہ ایک سال کی وصولی کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر پانی و بجلی کی صدارت میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہوں کا اجلاس ہوا۔ وزارت پانی و بجلی کے حکام نے جیو نیوز کو اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جون کی وصولیوں کو سراہا ہے جو 39 ارب روپے کے ہدف کی بجائے 45 ارب روپے رہیں ۔ حکام کے مطابق وفاقی وزیر نے ہدایت کی بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کیلئے وصولیوں میں اضافہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیفالٹرز کے کنکشن منقطع کریں ۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ سرکاری اور نجی شعبوں کی طرف بجلی کے بقایا جات کی مد میں 383 ارب روپے کے بقایا جات ہیں ۔ وزارت پانی و بجلی کے اداروں نے فیول اور بجلی خریداری کی مد میں 402ارب روپے کی ادائیگیاں کر نی ہیں ۔