دنیا
19 مارچ ، 2017

مالدیپ میں فلو کی وبا، شاہ سلمان کادورہ ملتوی

مالدیپ میں فلو کی وبا، شاہ سلمان کادورہ ملتوی

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ایشائی ممالک کے طویل دورے کے بعد بیجنگ سے وطن واپس روانہ ہو گئے ۔

ہوائی اڈے پر چینی وزیر خارجہ ،بیجنگ میں سعودی سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے انھیں الوداع کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق شاہ سلمان نے ملائشیا ،انڈونیشیا ، برونائی دارالسلام ،جاپان اور چین کا ایک ماہ پر محیط دورہ کیا ، اور ان ممالک کی قیادت کے ساتھ سعودی عرب کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بات چیت کی ہے۔

خادم الحرمین الشریفین نے ایشیائی ملکوں کے دورے کے آخرے مرحلے میں ہفتہ کو مالدیپ جانا تھا لیکن وہاں فلو پھیل جانے کی وجہ سے یہ دورہ ملتوی کردیا گیا ہے اور شاہ سلمان پھر کسی مناسب موقع پر اس مسلم ملک کا دورہ کریں گے۔

سعودی عرب نے ملائشیا اور انڈونیشیا کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون اور روابط بڑھانے کے لیے بھی بات چیت کی ہے۔یہ دونوں ممالک ایک سال قبل سعودی عرب کی قیادت میں تشکیل پانے والے اسلامی فوجی اتحاد کا بھی حصہ ہیں۔

جبکہ سعودی عرب اور چین کے درمیان گزشتہ روز مختلف شعبوں میں 65 ارب ڈالرز مالیت کے سمجھوتے اور معاہدے طے پائے تھے اور سعودی عرب نے چین کی دو بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنے ہاں کاروبار اور سرمایہ کے لیے لائسنس جاری کیے ہیں۔

 

مزید خبریں :