02 جولائی ، 2012
پشاور … پشاورکے پوش علاقہ یونیورسٹی ٹاوٴن میں امریکن قونصلیٹ کیلئے بغیر نقشہ اور منظوری کے زیر تعمیر عمارت کی بیرونی بم اوربلٹ پروف دیوار مسمار کرکے قانونی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ پشاور میں مبینہ طور پر امریکی قونصلیٹ کے زیر تعمیر ریجنل افیئر آفس کی بیرونی بم پروف دیوار ضلعی انتظامیہ نے گرادی۔ لگژری اپارٹمنٹس پر مشتمل 3 منزلہ عمارت میں 40 سے زیادہ کمرے ہیں جو کہ سب کے سب ٹھوس کنکریٹ سے بنے اور بم پروف ہیں۔ ٹاوٴن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیرونی دیوار کی اونچائی 18 فٹ تھی جو کہ غیر قانونی اور بغیر نقشے کے ہے، اس بنیاد پر اسے مسمار کیا گیا ہے، اور عمارت کو گرانے کا بھی ایک مرتبہ پھر نوٹس دیا گیا ہے اور خبردار کیا گیا ہے کہ اگر قانونی کارروائی پوری نہ کی گئی تو پوری عمارت مسمار کر دی جائے گی۔ دوسری جانب عمارت کی بیرونی دیوار کا انہدام بھی لمحہ فکریہ ہے کیونکہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں 800 عمارتیں قواعد و ضوابط سے ہٹ کر یا نقشے کے بغیر بنائی گئیں ہیں۔