02 جولائی ، 2012
کراچی …سندھ ہائی کورٹ نے دو سال قبل شہری کو کچلنے والے ڈمپر کو فیصلہ ہونے تک پولیس کی تحویل میں لینے اور محکمہ ایکسائزکو اسے کسی تیسری پارٹی کو منتقل کرنے یا ڈاکومینٹیشن پر پابندی کا حکم جاری کردیا۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے مسمات کوثر عشرت کی درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل عامر مقصود نے موقف اختیار کیا کہ موکلہ کوثر عشرت کے شوہر عشرت حنفی کو تیز رفتار ڈمپر نے نومبر 2010 میں خیابان توحید پر کچل دیا تھا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔بعد میں انہوں نے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کا سوٹ فائل کیا جس پر عدالت نے حکم جاری کیا لیکن مالک نے ڈمپر کسی تیسری پارٹی کے نام منتقل کرنے کی کوشش کی ہے۔عدالت نے ایس ایچ او درخشاں کو ڈمپر کو فیصلہ ہونے تک اپنی تحویل میں ہونے کا حکم جاری کردیا جبکہ محکمہ ایکسائز رجسٹریشن ونگ کو ڈمپر نمبر JU-1852 کی کسی بھی قسم کی منتقلی اور ڈاکومینٹیشن پر پابندی عائد کردی۔