03 جولائی ، 2012
تہران…ایران نے منگل کو 2ہزار کلو میٹر فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل شہاب 3 کا تجربہ کیا۔ ایرانی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فوجی مشقوں کے دوران شہاب 1 اورشہاب 2 سمیت کئی دیگر میزائل بھی فائر کئے گئے جنہوں نے کاویر نامی صحرائی علاقے میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ یہ ہدف افغانستان میں قائم امریکی فوجی بیسز کے انداز میں بنایا گیا تھا۔ پاسداران انقلاب کے مطابق 7 روزہ مشقوں کے آخری دن ایران میں تیار کردہ ڈرون طیاروں کی آزمائشی پروازیں بھی کی جائیں گی ۔ واضح رہے کہ ایران نے شہاب 3 کے ذریعے اسرائیل کے اندر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے جو ایران سے صرف ایک ہزار کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔