دنیا
09 اپریل ، 2017

شام میں کیمیائی حملہ :برطانوی وزیر خارجہ کا دورہ روس منسوخ

شام میں کیمیائی حملہ :برطانوی وزیر خارجہ کا دورہ روس منسوخ

برطانیہ کےوزیر خارجہ بورس جانسن نے شام میں بشار الاسد حکومت کی جانب سے باغیوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے پر روس کے اپنے طے شدہ دورے کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بورس جانسن کو پیر کو ماسکو پہنچنا تھا لیکن ہفتے کو اپنے ایک بیان میںبورس جانسن نے کہا ہے کہ شام میں ہونے والے واقعات نے صورتِ حال پوری طرح تبدیل کردی ہے جس کے پیشِ نظر وہ اپنا دورہ منسوخ کر رہے ہیں۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ ریکس ٹلرسن روس کی قیادت کے ساتھ شام میں جاری خانہ جنگی اور دیگر دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کے لیے آئندہ ہفتے ماسکو کا دورہ کریں گے۔ ٹلرسن کے اس دورے کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب شامی حکومت کی جانب سے باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقے پر مبینہ کیمیائی حملے اور اس پر امریکہ کے جوابی میزائل حملوں کے بعد واشنگٹن اور ماسکو کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ریکس ٹلرسن بدھ کو اٹلی سے ماسکو پہنچیں گے جو وزیرِ خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد روس کا ان کا پہلا دورہ ہوگا ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکاروں کے مطابق ٹلرسن اپنے دورے کے دوران روسی قیادت پر زور دیں گے کہ وہ شام کے صدر بشار الاسد کے لیے اپنی حمایت پر نظرِ ثانی کریں۔

شام میں امریکی حملے پر شامی حکومت کے علاوہ اس کے دو قریب ترین بین الاقوامی اتحادی روس اور ایران بھی سخت برہم ہیں اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ تعلقات پر نظرِ ثانی کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :