04 جولائی ، 2012
کراچی …سپریم کورٹ نے مغوی ججوں کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے حکم کو غیرموثر قرار دیتے ہوئے سرکار کی اپیل منظور کرلی۔ جسٹس طارق پرویز، جسٹس سرمدجلال عثمانی اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کراچی رجسٹری میں سرکار کی اپیل کی سماعت کی۔ اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل عدنان کریم نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے سال 2004 میں اغواء ہونے والے ججوں فاروق چنہ اور عبدالوہاب عباسی کو تاوان کی رقم کے چالیس لاکھ روپے سندھ حکومت کو بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا ہے حکومت دس دس لاکھ روپے پہلے ادا کرچکی لیکن اس طرح معاوضے کی ادائیگی ممکن نہیں ہے۔تین رکنی بنچ نے دلائل سننے کے بعدریمارکس دیئے کہ حکومت اس بنیاد پر معاوضہ ادا کرنے لگی تو ہرمغوی دعویدار بن جائے گا۔بنچ نے سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کو غیرموثر قرار دیتے ہوئے حکومت کی اپیل منظور کرلی۔