06 جولائی ، 2012
میرانشاہ … نیٹو سپلائی بحال ہونے کے تیسرے روز ہی پاکستان کے قبائلی علاقے میں جاسوس طیارے نے میزائل حملہ کردیا، 21 افراد ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق میرانشاہ میں دتہ خیل کے علاقے گرویک میں جاسوس طیارے سے ایک گھر پر 2 میزائل داغے گئے، میزائل حملے کے نتیجے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اس میں موجود 21 افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملے کے بعد کئی دیر تک علاقے میں 2 سے زائد جاسوس طیارے پرواز کرتے رہے، جس کے باعث امدادی کارروئی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔افغانستان میں نیٹو افواج کو پاکستان کے راستے سپلائی بحال کئے جانے کے تیسرے روز پاکستان کے قبائلی علاقے میں یہ پہلا ڈرون حملہ ہے جبکہ رواں سال کے دوران پاک سرزمین پر یہ 27واں ڈرون حملہ ہے۔