پاکستان
08 مئی ، 2017

سندھ اسمبلی میں ’گو زرداری گو‘ کے نعرے لگ گئے

سندھ اسمبلی میں ’گو زرداری گو‘ کے نعرے لگ گئے، ترقیاتی فنڈز جاری نہ ہونے پر اپوزیشن ارکان نے ڈپٹی اسپیکر کی نشست کے سامنے احتجاج کیا۔

شہلا رضا نے کارروائی کچھ دیر کے لیے معطل کرکے جان چھڑائی، سینئر وزیر نثار کھوڑو کو ن لیگ پر غصہ آگیا، کہا کہ متحدہ اور ساتھی اس طرح نواز شریف کو نہیں بچاسکتے ۔

ترقیاتی فنڈز کی عدم فراہمی پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کا شدید احتجاج ہوا،ارکان نے اسپیکر کا گھیراؤ کرلیا، ایوان ’گوزرداری گو‘ اور ’گو شہلا گو‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔

ڈپٹی اسپیکر شہلارضا کی صدارت سندھ اسمبلی اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے ترقیاتی فنڈز کی عدم فراہمی پر توجہ دلاؤنوٹس پیش کیا۔

سینئر وزیر نثارکھوڑو کے جواب پر اپوزیشن ارکان نے اسپیکر کے سامنے احتجاج کیا اور ڈپٹی اسپیکر شہلارضاکے خلاف شدید نعرے بازی کی جس پر ڈپٹی اسپیکر آگ بگولا ہوگئیں اور اجلاس 10منٹ کیلئے ملتوی کر دیا۔

ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار حمد نے کہاکہ ترقیاتی فنڈز میں اپوزیشن کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے ۔

قائدین کے خلاف نعرے بازی سن کر صوبائی وزیر نثارکھوڑو بھی میدان میں آگے اور بولے کے ایم کیو ایم اور مسلم لیگ فنکشنل کے احتجاج سے وفاقی حکومت بچنے والی نہیں ۔

ایوان کی کاروائی میں 10منٹ کا وقفہ بھی اپوزیشن کے غصہ کو ٹھنڈا نہیں کر سکا جس پر شہلارضا سیخ پا ہوں گئیں۔

ایوان میں شورشرابے اور ہنگامے سے قبل محکمہ کھیل کے سوالات جوابات کے دوران اپوزیشن ارکان نے وزیر کھیل کو پش اپ لگانے کے معاملے پر خوب چوکے اور چھکے مارے جبکہ محمد بخش مہر نے بھی جواب میں باؤنسرز کی بارش کی۔

بعد میں اجلاس منگل کی صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

مزید خبریں :