28 مئی ، 2017
پشاور کے تین گرڈ اسٹیشنوں پر مشتعل مظاہرین کا دھاوا، سخی چشمہ گرڈ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کے بعد زبردستی اپنے علاقوں میں بجلی بحال کردی۔
ذرائع کے مطابق مشتعل مظاہرین نے گرڈ اسٹیشن کی بیرونی دیوار اور گارڈ روم کوبھی نقصان پہنچایا اور شیشے توڑ دیئے جس کے بعد پولیس اور واپڈا حکام سے کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بھی گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بولا تھا، جس کے دوران ہزار خوانی سے ملحقہ علاقوں کے بند فیڈرخود کھول دیے گئے تھے۔
فضل الہٰی کا کہنا تھا کہ 20گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے، بجلی بحال نہیں کرتے تو خود ہی آگے آئیں گے۔
انہوں نے کارکنوں کے ہمراہ رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بولا اور گرڈ اسٹیشن پر قبضہ کر کے سو دیہات کی بجلی بحال کرا دی تھی۔
اس دوران پولیس مظاہرین کے سامنے بے بس دکھائی دی اور خاموش تماشائی بنی رہی۔