08 جولائی ، 2012
ملتان … متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما افتخار اکبر رندھاوا نے کہا ہے اپنے قائد کے منشور پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کریں گے۔ یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم ملتان زون میں کارکنان سے خطاب کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان عوام کو لوٹ رہے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ ملتان میں رہنے والے لوگوں کو ان کے حقوق دلوا کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں خدمت خلق فاوٴنڈیشن کی مفت ایمبولینسیں کام کر رہی ہیں جبکہ پورے ملک ساڑھے350 ایمبولینس کام کر رہی ہیں۔ افتخار اکبر رندھاوا نے کہا متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان گھر گھر جائیں اور غریبوں کیلئے فنڈز اکھٹے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے عید الفطر کے موقع پر ایم کیو ایم عید میلہ لگائے گی جس میں غریب افراد میں نئے کپڑے اور کھانے پینے کا سامان تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کے بعد اب ملتان میں بھی خدمت خلق فاوٴنڈیشن سن اکیڈمی قائم کرنے کا ارادہ ہے جس میں 10 ہزار سے کم تنخواہ والے لوگوں کے بچوں کو تعلیم کی سہولیات دی جائیں گی۔