09 جولائی ، 2012
گوجرانوالہ … نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ اگر ہمیں اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا گیا تو اسلام آباد کو مصر کا التحریر چوک بنا دیں گے، حافظ سعید کہتے ہیں کہ معافی کا تو بہانا تھا حکومت نیٹو سپلائی کھولنے کو تیار بیٹھی تھی۔ دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ گوجرانوالہ پہنچا تو وہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کا استقبال کیا ، شیراں والا باغ گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی قائد مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ملک کو امریکی تسلط سے آزادی دلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب حکمرانوں سے جان چھٹے گی تو امن وامان بھی ہوگا اور بجلی بھی ملے گی۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو سیل کردیا جائے گا، اگر لانگ مارچ کے شرکاء کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا گیا تو اسلام آباد کو مصر کا التحریر چوک بنادیں گے۔ جماعت اسلامی کے امیر منور حسن کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل ایک سال سے پاکستان کو درپیش مسائل کا مقابلہ کررہی ہے، امریکا نے اپنے کردار سے ثابت کردیا ہے کہ وہ سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ حکومت نیٹو سپلائی کھولنے کو تیار بیٹھی تھی، معافی کا تو بہانہ بنایا گیا ہے۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کا لاہور سے چلنے والا لانگ مارچ کے شرکاء گجرات کی جانب رواں دواں ہیں، رات گجرات میں پڑاوٴ کے بعد کل اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے۔