پاکستان
09 جولائی ، 2012

چیف الیکشن کمشنر کیلئے فخرالدین جی ابراہیم کے نام پر اتفاق

چیف الیکشن کمشنر کیلئے فخرالدین جی ابراہیم کے نام پر اتفاق

اسلام آباد… پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے عہدہ پر سینئر قانون دان جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم کے نام پر اتفاق کرلیا ہے ، انکا نام اپوزیشن کی جانب سے تجویز کردہ ناموں میں شامل تھا ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ارکان کے تقرر کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں سید خورشید شاہ کی زیر صدارت ہوا، اس میں حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے بھیجے گئے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججز کے ناموں پر غور ہوا،یہ عہدہ 24 مارچ سے خالی پڑا ہے ، ان ناموں میں موجودہ قائمقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس شاکراللہ جان ، جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم ،جسٹس ریٹائرڈ ناصراسلم زاہد، جسٹس ریٹائرڈ امیرالملک مینگل ، جسٹس ریٹائرڈ نسیم سکندر اور جسٹس ریٹائرڈ منیر اے شیخ شامل ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ فخرالدین جی ابراہیم کے نام پر کمیٹی میں اتفاق رائے ہوا، چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ نے کہاکہ فخرالدین جی ابراہیم تجربہ کار اور غیر جانبدار شخصیت ہیں، اب غیرجانبدار چیف الیکشن کمشنر کے تقرر سے میثاق جمہوریت پر 90 فیصد عمل ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :