پاکستان
08 جون ، 2017

بھارت مقبوضہ کشمیر میں سنگین جرائم کا مرتکب ہورہا ہے ،پاکستان

بھارت مقبوضہ کشمیر میں سنگین جرائم کا مرتکب ہورہا ہے ،پاکستان

پاکستانی دفتر خارجہ کے تر جمان نے کہا ہے کہ بھارت سنگین جرائم کا مرتکب ہورہا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں چند روز کےدوران 9 کشمیریوں کو شہید کیا گیا ۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتے ہوئے فاشزم پر تشویش ہے، پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد پر یقین رکھتا ہے، کوشش ہے کہ خلیجی ملکوں کی موجودہ صورت حال کا بہتر حل نکل آئے، قطری وفد کی پاکستان آمد کاعلم نہیں۔

اسلام آبادمیں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات کا امکان نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی آستانہ میں سائیڈ لائن ملاقات شیڈول نہیں ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی درخواست موصول ہوئی ہے۔

نفیس زکریا نے کہا کہ اسلامی ممالک کے اتحاد پر پختہ یقین رکھتے ہیں، خلیجی ممالک کی موجودہ صورت حال پر تشویش ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم تو صرف اتحاد پر ہی زور دیں گے اور کوشش ہو گی کہ بہتر حل نکل آئے، قطری وفد کی پاکستان آمد کے حوالے سے کوئی علم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیرمیں ایک ہفتےمیں تین طلبہ سمیت 9 افرادشہید کیے، بھارت کشمیری نوجوانوں کو ظلم و تشدد سے زیر کرنا چاہتا ہے، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی قومی سلامتی کونسل بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ بھارت افغان سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال کر رہا ہے اور پاک افغان تعلقات کو خراب کرنے میں ملوث ہے۔

چین کی طرف سے دوست ممالک میں فوجی اڈے قائم کرنے سے متعلق پینٹاگون کی رپورٹ پر سوال کےجواب میں ترجما ن کا کہنا تھا کہ چین نے یہ رپورٹ مسترد کر دی ہے۔

۔

 

مزید خبریں :