09 جولائی ، 2012
پشاور… جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی توہین عدالت اور دوہری شہریت پر حکومتی بل کی حمایت نہیں کرے گی۔پشاور میں میڈیا سے بات چیت میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ توہین عدالت اور دوہری شہریت کے بل چند افراد کو بچانے کے لئے لائے جا رہے ہیں جس کی جے یو آئی حمایت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوہری شہریت بل کی حمایت سے یہ احتمال بھی ہوسکتا ہے کہ کوئی بھارتی شہریت رکھنے والا پارلیمنٹ کا ممبر بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی رو سے دوہری شہریت رکھنے والا پارلیمنٹ کا رکن نہیں بن سکتا۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی پر دفاع پاکستان کونسل نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ جے یو آئی نیٹو سپلائی کی بحالی کے فیصلے کی مخالف ہے۔ اور تیرہ جولائی کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔