09 جولائی ، 2012
مانسہرہ… بٹ گرام پولیس نے شدت پسند کمانڈر اقبال عرف قاری باسط اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹس بنانے کے سامان سمیت بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کرلیا۔ ڈی پی او آفس بٹ گرام میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی پی او غلام حسین نے بتایا کہ شدت پسند کمانڈر قبال عرف قاری باسط اور اس کے ساتھی اعجاز الحق کو گنج گوڑی کے علاقے میں مسجد میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا۔ ڈی پی او نے بتایا کہ مسجد کے تہہ خانے میں چھپایا گیا اسلحہ و بارود بھی برآمد کرلیا گیا جس میں 115 کلو بارودی مواد، 7 کلاشن کوف، 22 ہینڈ گرنیڈ، 4 پریشر کوکر بم، 33 خودکش جیکٹس بنانے کے لئے کپڑا اور سامان، اینٹی ایئرکرافٹ گن اور جہادی مواد شامل ہے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ اقبال عرف قاری باسط کالعدم تحریک طالبان سوات کے سربراہ فضل اللہ کا دست راست اور ضلع بٹگرا، مانسہرہ، طورغر اور شانگلہ کا شدت پسند کمانڈر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال عرف قاری باسط سوات اور ہزارہ ڈویژن میں خودکش حملوں اور ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ بھی ہے جس نے گزشتہ سال جولائی میں امیر مقام پر خودکش حملے کا منصوبہ بنایا تھا جس میں 7 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ گزشتہ سال ہی ضلع طورغر میں ٹریننگ کے لئے جانے ریکروٹس کی بس کو بھی دھماکے سے اڑانے میں بھی قاری باسط کا ہاتھ تھا۔ اس حملے میں 6 جوان شہید ہوئے تھے۔