09 جولائی ، 2012
اسلام آباد … نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ راولپنڈی کے نواحی علاقے روات پہنچ گیا ہے جس کا اسلام آباد سے پہلے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں اجتماع ہو گا۔ دفاع پاکستان کونسل کے لانگ مارچ کے شرکاء آج صبح گجرات سے روانہ ہوئے اور پہلا پڑاوٴ جہلم میں کیا ، جہاں جماعت الدعوة کی طرف سے استقبالیہ کیمپ لگایا گیا تھا، حافظ سعید اور حمید گل نے یہاں خطاب کیا۔ اب کارواں راولپنڈی کے نواحی علاقے روات پہنچ چکا ہے جہاں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں، لانگ مارچ کے شرکاء کا اسلام آباد سے پہلے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بڑا اجتماع ہوگا جس کے پیش نظر راولپنڈی میں مری روڈ کو بند کردیا گیا ہے۔ مارچ کے شرکاء کی اسلام آباد آمد کے پیش نظر جناح ایونیو کا ایک حصہ بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔