09 جولائی ، 2012
اسلام آباد … ارسلان افتخار اور ملک ریاض کے کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں بیرون ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ارسلان افتخار کے معاملے کی تحقیقات کیلئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں ملک ریاض حسین سے موصول ہونے والی دستاویزات اور معلومات جبکہ سپریم کورٹ آف پاکستان سے حاصل ہونے والے ریکارڈ کی روشنی میں لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے پر غورکیا گیا۔ نیب کی جانب سے ملک ریاض کو 3 جولائی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے فیصلہ کیا کہ تحقیقات کو جلد نمٹانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائی جاری رکھی جائے گی جبکہ تحقیقات کیلئے بیرون ممالک سے مدد حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ جس کے تحت بیرون ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مدد لی جائے گی اور ان سے دستاویزات اور ثبوتوں کی تصدیق کرائی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے متعلقہ غیر ملکی سفارتخانوں سے ایک ہفتے کے اندر رابطہ کیا جائے گا۔ نیب کی پریس ریلیز کے مطابق کیس سے متعلقہ تمام افراد کو پیش ہونے اور بیان رکارڈ کرانے کیلئے نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔