پاکستان
09 جولائی ، 2012

ملک مسائل میں گھرا ہوا، عوام فوج کی طرف دیکھ رہے ہیں، پرویز مشرف

ملک مسائل میں گھرا ہوا، عوام فوج کی طرف دیکھ رہے ہیں، پرویز مشرف

لاہور … آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد اور سابق صدر پاکستان پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملک گھمبیرمسائل میں گھرا ہے،جمہوریت کو ناکام قرار دیا جارہا ہے اورعوام ایک بار پھر فوج کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ لندن اور لاہور سے جاری بیان میں پرویز مشرف نے کہا کہ جمہوریت ناکام نہیں ہوئی بلکہ وہ لوگ ناکام ہوئے ہیں جو جمہوریت کو چلا نہیں سکے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ مارشل لاء نہیں لگنا چاہئے، آئندہ الیکشن فوج کی نگرانی میں ہونے چاہئیں تاکہ شفاف انتخابات کے ذریعے ایسے لوگ سامنے آئیں جو واقعی ملک کے مفاد میں کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آئین کی حیثیت اسی صورت میں ہے جب پاکستان ہے، اگر ہم آئین کو بچاتے ہیں تو ملک نیچے جاتا ہے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ راجا پرویز اشرف کا بطور وزیر اعظم تقرر افسوسناک ہے لیکن انہیں فوج نے منتخب نہیں کیا، جب باہر کے لوگ پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہیں تو ہنستے ہیں اور کہتے ہیں کہ کہ آپ کے ملک میں کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو صاف کردار کا مالک ہو۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دکھ ہوتا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کیا کر رہے ہیں‘ کس طرح اپنے اداروں کو تباہ کر رہے ہیں۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی اچھے آفیسر ہیں یا نہیں میں ان کے بارے ہیں کچھ نہیں کہنا چاہتا جو کوئی بھی یہ کہتا ہے کہ میں نے ایک کال پر بہت بڑا فیصلہ کرلیا یہ انتہائی بکواس ہے، ایسا کچھ بھی نہیں ہے، قانون سب کیلئے ایک جیسا ہی ہونا چاہئے لیکن جوڈیشل ایکٹوازم کے خلاف ہوں۔ پرویز مشرف نے کہا کہ وہ انتخابات سے قبل ہی پاکستان پہنچیں گے اور ان کی پارٹی آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔

مزید خبریں :