09 جولائی ، 2012
اسلام آباد…فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کی تیار کردہ ابتدائی ووٹر فہرستوں میں 2 کروڑ ووٹرز کا اندارج نہیں جبکہ 11ملین ووٹرز کی موجود ہ رہائش کے ایڈریس پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران فافن کے عہدے داروں نے الیکشن کمیشن کی تیار کردہ ابتدائی ووٹر فہرستوں پر اپنی رپورٹ جاری کی۔ رپورٹ کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے دو کروڑ افراد کے نام ووٹر فہرستوں میں موجود نہیں جن میں ایک کروڑ خواتین ووٹر شامل ہیں۔ ان میں 85 فیصد ایسے افراد ہیں جن کے پاس نادرا کا شناختی کارڈ موجود نہیں جبکہ 36 لاکھ افراد ایسے ہیں جن کے پاس نادرا کا شناختی کارڈ ہے مگر ان کا نام ووٹر لسٹوں میں نہیں۔ فافن سروے کے مطابق 13 فیصد ووٹرز کی ان کے رہائشی پتوں پر تصدیق نہیں ہو سکی، بلوچستان میں یہ شرح 20 فیصد ہے۔ فافن نے تجویز کیا ہے کہ الیکشن کمیشن حتمی ووٹر فہرستیں جاری کرنے سے پہلے گھر گھر تصدیق کا عمل مکمل کرے اور 18 سال کے ہر شخص کو شناختی کارڈ جاری کرکے اس کا اندراج ووٹر لسٹوں میں یقینی بنایا جائے