پاکستان
22 جون ، 2017

ن لیگ اور پی ٹی آئی کا پھر ڈائس پر جھگڑا

تحریک انصاف اور ن لیگ کے درمیان پھر ڈائس پر جھگڑا ہوگیا، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزيب کی میڈيا سے گفتگو کے دوران تحریک انصاف کی خاتون کارکن نے مداخلت کی۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نےمریم اورنگزيب کو ڈائس سے ہٹانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی رہنما عظمیٰ کاردار نے کہا کہ آپ پریس کانفرنس ختم کریں اور جائیں ہمیں بات کرنی ہے۔

تکرار کے دوران پولیس اہل کاروں نے مداخلت کی جس پر پی ٹی آئی ارکان ہٹ گئے، جس کے بعد پولیس اہلکاروں کے حصار میں مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو مکمل کی۔

مریم اورنگزيب نے تحریک انصاف کے کارکنوں سے نمٹنے کے بعد اپنی گفتگو جاری رکھی، لیکن اب ان کی توپوں کا سارا رخ تحریک انصاف کی طرف ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کام کرنے ہیں تو بنی گالہ میں جاکر کریں، لڑیں، ڈاکوؤں چوروں کو شامل کریں اور جو دل چاہے کریں، یہ کس قسم کا رویہ ہے کہ ہر چیز پر حملہ کرو، ہر چیز پر ڈنڈے برساؤ، اونچا بول کر ڈرایا نہيں جاسکتا، تحریک انصاف جمہوری پارٹی نہیں، یہ ڈنڈا، تماشا اور گالی پارٹی ہے۔

اس سے پہلے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم چاہتے تھے کہ پاناما لیکس کا معاملہ جلد انجام کو پہنچے جبکہ آف شور کمپنیوں کا کرپشن سے تعلق نہیں، یہ تعلق تو مخالفین نے بنایا ہے، جے آئی ٹی میں تحقیقات شریف خاندان کے نجی کاروبار سے متعلق ہے۔

وزیر اطلاعات کہتی ہیں کہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا نام پاناما لیکس میں نہیں ہے پھر بھی وہ جے آئی ٹی میں پیش ہوئے اور جن لوگوں کا نام پاناما لیکس میں نہیں وہ بطور ملزم نہیں بلکہ گواہ کے طورپر پیش ہو رہے ہیں، پاناما کیس اور وزیراعظم کے استعفے کا کوئی جوڑ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ہہ بیرون ملک فنڈنگ سے ظاہر ہے جبکہ میاں نواز شریف عوام کی خاطر سب کچھ سہہ رہے ہیں، وزیراعظم تو ملک کی بہتری کی دعا کرنے کے لیے آخری عشرہ سعودی عرب میں گزارتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاناما کیس کی تحقیقات کو مکمل ہونے دیں کیونکہ جے آئی ٹی میں شریف خاندان صرف نواز شریف کی وجہ سے پیش ہورہا ہے، عوام یہ جان چکے ہیں، تحریک انصاف صرف جھوٹ بولتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹے شخص ہیں وہ تو دھرنے میں بھی کسی انگلی اٹھنے کا انتظار کر رہے تھے، انہیں تو نہ وہ انگلی ملے گی، نہ کھیلنے کیلئے کھلونا ملے گا۔

آخر میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کیوں تسلیم نہیں کرتی کہ یہودیوں اور ہندوستان سے پیسے لیے، عمران خان خود عدالتوں سے فرار ہیں اور ہمیں لیکچر دیتے ہیں اور جب اپنی منی ٹریل کی بات آئے تو کہتے ہیں کہ دس سال سے پہلے کا ریکارڈ نہیں ہے۔

ادھر اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر آج وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کو ڈائس سے ہٹانے کے معاملے پر پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ ان کے کارکنوں کو ایسے نہیں کرنا چاہیے تھا، کارکنوں کو اپنی باری کا انتظار کرنا چاہیے تھا، آج جو کچھ ہوا وہ اچھا نہیں ہوا۔

مزید خبریں :