کاروبار
10 جولائی ، 2012

کراچی،رمضان کی آمدآمد،کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہونا شروع

کراچی،رمضان کی آمدآمد،کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہونا شروع

کراچی…رمضان میں کچھ ہی دن باقی ہیں لیکن کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہورہی ہیں، ہول سیل ویجیٹیبل منڈی میں پیاز، بھنڈی، کریلے اور شملہ مرچ کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ صدر کراچی ہول سیل ویجیٹیبل فروٹ منڈی کے صدر حاجی شاہجہاں نے جیو نیوز کو بتایا کہ ہول سیل سطح پر پیاز کی قیمت میں 4 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی قیمت 18 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ حاجی شاہجہاں کے مطابق بھنڈی اور کریلے کی قیمت 5 روپے اضافے کے ساتھ 25 روپے فی کلو ہوگئی ہے جبکہ شملہ مرچ کی قیمت 10 روپے اضافے کے بعد 40 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ حاجی شاہجہاں نے مزید بتایا کہ بھنڈی اور کریلے کا سیزن ختم ہونے کے باعث ان کی کم سپلائی ہورہی ہے جبکہ پیاز کی فصل بھی طلب کے مقابلے کم سپلائی ہونے کے باعث اس کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہونے کے باعث ، ہول سیل اور ریٹیل مارکیٹ میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں۔ چیئرمین کراچی ہول گروسرز ایسوسی ایشن انیس مجید نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں واضح کمی نہیں ہورہی ، جس کی وجہ ٹرانسپورٹر کی جانب سے کرایوں میں کمی نہ ہونا ہے۔ دوسری طرف سے ریٹیل گروسرز گروپ کے فرید قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت اگر 16 فیصد جنرل سیلز ٹیکس ختم کرے تو چائے کی طرح دیگر اشیا کی قیمتیں بھی کم ہوجائینگی، ورنہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے صارفین کو ریلیف نہیں ملے گا۔ فرید قریشی نے مزید بتایا کہ ایک طرف حکومت پٹرول مصنوعات کی قیمتیں کم کر رہی ہے تو دوسری طرف بجلی کے نرخ بڑھا رہی ہے ایسے میں اشیا کی قیمتیں کم کیسے ہونگی، جب مینو فیکچررزکو سستی اور بلا تعطل بجلی نہیں ملے گی۔

مزید خبریں :