10 جولائی ، 2012
لاہور … وزیر اعظم کی ہدایت پر ریلوے میں پاور ہاوٴسز کو فرنس آئل پہنچانے کیلئے ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے، اس کا مقصد رمضان میں پاور ہاوٴسز کو تیل دے کر لوڈشیڈنگ میں کمی کرنا ہے۔ ریلوے اور پیپکو حکام کا کہنا ہے کہ پاور ہاوٴسز کو تیل پہنچانے کیلئے رمضان تک 800 ویگنوں کا انتظام کر لیا گیا ہے اور روزانہ 2 ٹرینیں چلائی جارہی ہیں،جن پاور پلانٹس کو بوگیاں تیل پہنچا رہی ہیں ان میں کوٹ ادو، روش،لال پیر،مظفر گڑ ھ،اورینٹ، اٹلس، جاپان اور سدرن شامل ہیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ تیل ملنے سے روزانہ 2 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں آئے گی جس سے رمضان میں لوڈشیڈنگ کم سے کم دورانیے کی ہو گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر کئے جارہے ہیں۔ پیپکو،وزارت پیٹرولیم، پی ایس او، ریلوے اور وزارت خزانہ سمیت تمام محکمے تعاون کرنے کے پابند ہوں گے کیونکہ رمضان میں لوڈشیڈنگ پر حکومت نے سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی فیصلے سے عوام کو مکمل ریلیف ملے گا ۔