پاکستان
10 جولائی ، 2012

40 سال آگے کا سوچ کر ق لیگ اور ایم کیو ایم سے اتحاد کیا، صدر زرداری

40 سال آگے کا سوچ کر ق لیگ اور ایم کیو ایم سے اتحاد کیا، صدر زرداری

کراچی … صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ انہیں ملک چلانا اور 30، 40 سال آگے کا سوچنا ہے، اس لئے مسلم لیگ ق اور متحدہ قومی موومنٹ سے اتحاد کیا ہے۔ بلاول ہاوٴس کراچی میں ٹھٹھہ کے صحافیوں سے ملاقات میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کہ اس وقت ملک کی آبادی 210 ملین ہے اور آئندہ 30 سال کے بعد اس بارے میں سوچنا ہوگا جس کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ایک نوکری سے کام نہیں چلے گا، گھر چلانے کیلئے مرد، خواتین اور بچوں سب کو کمانا ہوگا۔ صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا ذوالفقار آباد کے حوالے سے میڈیا میں مسلسل تنقید کی جارہی ہے، جئے سندھ والے ذوالفقار آباد کی مخالفت کرکے الیکشن مہم چلارہے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی دور کی سوچ رکھتی ہے، اسے مینڈیٹ نہیں ملک چاہئے، ذوالفقار علی بھٹو نے جب پورٹ قاسم کی تعمیر شروع کی تھی تو جئے سندھ والوں نے اس کی بھی مخالفت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار آباد کیلئے جو زمین مقامی لوگوں سے لی جائے گی اس کی قیمت بھی ادا کی جائے گی، مخالفین کو جواب دینا ہے اور ذوالفقار آباد شہر کے حوالے سے مقامی لوگوں کو شعور دینا ہے۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ سمندر ٹھٹھہ کی 10 لاکھ ایکڑ زمین نگل چکا ہے، نیا شہر سمندر برد ہونے والی زمین پر تعمیر کیا جائے گا، 1100 کلو میٹر طویل ساحلی پٹی پر 7 سے 8 بندر گاہیں تعمیر ہونی چاہئیں تھیں لیکن ہمارے پاس صرف 3 ہیں، ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی پر مزید 2 پورٹس بھی تعمیر کی جائیں گی۔

مزید خبریں :