پاکستان
30 جون ، 2017

وفاق سے سندھ میں احتساب کا اختیار چھیننے کی تیاری شروع

وفاق سے سندھ میں احتساب کا اختیار چھیننے کی تیاری شروع

وفاق سے سندھ کے سیاستدانوں اور افسران کے احتساب کا اختیار چھیننے کی تیاری شروع کردی گئی،سندھ کابینہ نے نیب قوانین کو صوبے میں غیر مؤثر کرنے کی منظوری دے دی۔

بل پیر کو سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، نیب کو سندھ میں صرف وفاقی اداروں میں کرپشن کے خلاف کارروائی کا اختیار رہ جائے گا۔

سندھ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ہوا، ایڈووکیٹ جنرل ضمیر گھمرو نے صوبے میں نیب قانون کو منسوخ کرنے سے متعلق بریفنگ دی۔

بعد میں صوبائی کابینہ نے نیب قانون کو سندھ میں غیر مؤثر کرنے کی منظوری دے دی۔

فیصلے پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ بل جلد سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، بل کی منظوری کے بعد قومی احتساب بیورو سندھ میں صرف وفاقی حکومت کے زیر انتظام اداروں سے متعلق بدعنوانی کی تحقیقات کر سکے گا۔

ایڈوکیٹ جنرل سندھ کے مطابق صوبائی محکموں سے متعلق کرپشن کیسز سندھ کے محکمہ اینٹی کرپشن کو منتقل ہو جائیں گے، جبکہ اینٹی کرپشن قانون میں اہم تبدیلیوں سے متعلق کابینہ نے کمیٹی تشکیل دی ہے جو ایک ماہ میں اینٹی کرپشن قانون میں تبدیلیاں تجویز کرے گی۔

سندھ کابینہ نے صوبے میں نئی شوگر مل لگانے پر بھی پابندی لگا دی، ترجمان کے مطابق پابندی کا مقصد صوبے میں روئی کی فصل کو فروغ دینا ہے اور یہ پابندی حکومت پنجاب کئی سال قبل لگا چکی ہے۔

مزید خبریں :