پاکستان
30 جون ، 2017

جمشید دستی پر کسی قسم کا تشدد نہیں دیکھا گیا: طبی رپورٹ

جمشید دستی پر کسی قسم کا تشدد نہیں دیکھا گیا: طبی رپورٹ

پنجاب حکومت نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے طبی معائنے کی رپورٹ جاری کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ جمشید دستی پر کسی قسم کا ذہنی یا جسمانی تشدد نہیں دیکھا گیا،دستی کو سینے میں شکایت پر بھی ماہرامراض قلب نے کلیئرکردیا ہے۔

گرفتاری کے بعد جمشید دستی ذہنی مسائل کا شکار بھی ہوگئے،ان کے دانت میں درد کی تکلیف کا تشدد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان پر کسی قسم کا جسمانی یا ذہنی تشدد نہیں کیا گیا، آئی جی جیل نے بھی جمشید دستی سے ملاقات کی، ان کی جانب سے جاری رپورٹ میں بھی تشدد ثابت نہیں ہوا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے قائم 5 ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے ایگزامینیشن رپورٹ جاری کی، جس کے مطابق جمشید دستی پر تشدد کے کوئی واضح نشانات نہیں پائے گئے، جبکہ سینے میں درد کی شکایت کو بھی ماہرامراض قلب نے کلیئر کردیا۔

جمشید دستی کے معدے اور مثانے کے مسائل کی تشخیص پر میڈیکل بورڈ نے ادویات تجویز کردیں۔

رپورٹ کے مطابق گرفتاری کے بعد جمشید دستی کچھ ذہنی مسائل کا شکار بھی ہیں جبکہ دانت میں درد کی تکلیف کا تشدد سے کوئی تعلق نہیں۔

دوسری طرف آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے بھی ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے جمشید دستی سے ملاقات کی اورجیل کے کمرے کا معائنہ کیا۔

اس رپورٹ کے مطابق رکن جمشید دستی کو جیل میں تمام ضروری سہولتیں دی جا رہی ہیں، ان پر کسی قسم کا ذہنی یا جسمانی تشدد نہیں دیکھا گیا۔

جمشید دستی نے آئی جی جیل خانہ جات سے ملاقات میں والدہ اور بہن سے ملاقات کرانے کی درخواست کی جسے قبول کر لیا گیا۔

دوسری جانب رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی گرفتاری اور مبینہ تشدد کے خلاف مظفرگڑھ، ڈی جی خان،ملتان اور کشمور میں احتجاج کیا گیا۔

سرگودھا جیل میں قید جمشید دستی سے ان کی والدہ اور بہنوں نے ملاقات کی جبکہ دیگر رشتے داروں نے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر جیل کے باہر احتجاج کیا ۔

مظفرگڑھ میں وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا، ڈی جی خان میں جمشید دستی کی رہائی کے لیےعوامی راج پارٹی کے کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔

ملتان میں سرائیکی قوم پرست جماعتوں نے احتجاج کیا، سرگودھا کی ڈسٹرکٹ جیل میں جمشید دستی سےوالد ہ اور بہنوں نے ملاقات کی،کشمور میں سول سوسائٹی نے پریس کلب سے انڈس ہائی وے تک احتجاجی ریلی نکالی اوردھرنا دیا۔

مزید خبریں :