10 جولائی ، 2012
کراچی … سندھ میں بلدیاتی نظام سے متعلق پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنماوٴں کا اجلاس وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں بغیر کسی نتیجے پر پہنچے ختم ہو گیا ، اجلاس ایک دن کے وقفے سے بدھ کو دوبار منعقد کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وفاقی وزیر خورشید شاہ، صوبائی وزراء آغا سراج درانی، ایاز سومرواور مراد علی شاہ جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار، صوبائی وزیر سید سردار احمد، رکن رابطہ کمیٹی کنور نوید جمیل اور واسع جلیل نے شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں جماعتوں کے رہنماوٴں نے بلدیاتی نظام سے متعلق قانون کی تجاویز پر گفتگو کی۔ اجلاس میں شریک ایک رکن نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام کے معاملے پر تمام اتحادی سنجیدہ ہیں اور بلدیانی نظام پر 12 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ وزیر بلدیات سندھ آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ جلد ہی بلدیاتی نظام سے متعلق قانون منظوری کیلئے سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور کوشش ہے کہ دسمبر تک سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرادیئے جائیں۔