10 اگست ، 2017
سندھ میں احتساب آرڈیننس 1999 کا اطلاق ختم ہوگیا جس کے بعد نیب صوبے کے کسی سرکاری محکمے میں کرپشن پر کارروائی کا مجاز نہیں رہا۔
سندھ حکومت نے صوبے میں قومی احتساب بیورو(نیب) کا کردار ختم کرنے کے لیے صوبائی اسمبلی سے بل منظور کیا تھا جسے منظوری کے لیے گورنر سندھ محمد زبیر کو بھیجا گیا تھا تاہم گورنر نے بل پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا۔
نمائندہ جیونیوز کے مطابق گورنر کے انکار کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے گزٹ جاری کیا گیا جس کے بعد محکمہ قانون نے احتساب آرڈیننس ختم کرنے سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے بعد صوبے میں احتساب آرڈیننس 1999 کا اطلاق ختم ہوچکا ہے اور نیب صوبائی محکموں سمیت ذیلی اداروں میں کرپشن کی تحقیقات نہیں کرسکے گا۔ سندھ اسمبلی نے ایکٹ کو چھاپنے کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔
دوسری جانب جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون ضیاءالنجار نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے منظور شدہ بل اب ایکٹ بن چکا ہے، صوبے میں احتساب ایجنسی بنائی جارہی ہے جس کے لیے قانون منظور ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب ایجنسی ایک خودمختار ادارہ ہوگا جس سے بدعنوانی پر قابو پایا جاسکے گا۔