23 اگست ، 2017
دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 20 اداکاروں کی فہرست میں بھارتی فلم انڈسٹری بالی وڈ کے تین اداکار بھی شامل ہیں۔
امریکی میگزین فوربز نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 20 اداکاروں کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق ہالی وڈ اداکار مارک والبرگ 68 ملین ڈالر کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
امریکی جریدے نے اداکاروں کی یکم جون 2016 سے یکم جون 2017 تک کی کمائی کے ریکارڈ سے یہ فہرست مرتب کی ہے۔
ہالی وڈ اداکار ڈین جانسن نے 65 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے، فلم فاسٹ اینڈ فیوریس کے ون ڈیزل 54.5 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے، ایڈم سینڈلر 50.5 ملین ڈالر کے ساتھ چوتھے اور جیکی چن 49 ملین ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی فہرست میں بالی وڈ سے شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں مگر عامر خان اس فہرست میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔
بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان پے در پے فلموں کی باکس آفس پر ناکامی کے باوجود اس فہرست میں 38 ملین ڈالرز کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہیں۔
اسی طرح سلمان خان 37 ملین ڈالر کے ساتھ نویں اور اکشے کمار 35.5 ملین ڈالر کے ساتھ 10 ویں پوزیشن پر بر اجمان ہیں۔