کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ سے خواجہ سرا جاں بحق

کراچی: ڈیفنس میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے خواجہ سرا کو قتل کردیا۔

کراچی میں ڈیفنس شہباز کمرشل کے علاقے میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے خواجہ سرا کو قتل کردیا جس کی شناخت چندا کے نام سے ہوئی۔

خواجہ سرا کے ساتھی کے مطابق مقتول چندا اور اس کے دیگر ساتھی گلی میں بیٹھے تھے کہ اس دوران سفید رنگ کی شیشے چڑھی گاڑی میں سوار افراد آئے جن کے پیچھے ایک نجی سیکیورٹی گارڈ بھی بیٹھا تھا، گاڑی میں سوار افراد نے پہلے ان پر گندے انڈے برسائے اور پھر فائرنگ کردی۔

خواجہ سرا نے بتایا کہ فائرنگ کے باعث وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اس دوران گولی چندا کے سرمیں لگی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول بھی ملے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ جائے وقوعہ کے قریب قائم بینک کے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے ملزمان کی شناخت میں مدد لی جائے گی۔

مزید خبریں :