پاکستان
Time 09 ستمبر ، 2017

نواز شریف کی رخصتی میں فوج کا کوئی کردار نہیں، چوہدری نثار


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار  کا کہنا ہےکہ فوج سے ہماری کوئی لڑائی نہیں اور نواز شریف کی رخصتی میں فوج کا کوئی کردار نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں سلیم صافی سے خصوصی گفتگو کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ سپریم کورٹ اور فوج سے محاذ آرائی کا راستہ غلط ہے، محاذ آرائی سے ہم اپنی پوزیشن بہتر نہیں بلکہ کمزور کریں گے۔

چوہدری نثار نے  کہا کہ محاذ آرائی سے کوئی سیاسی مقاصد حاصل نہیں ہو سکتے جب کہ محاذ آرائی کا مشورہ دینے والے لوگ پارٹی میں اقلیت میں ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فوج سے ہماری کوئی لڑائی نہیں نہ فوج کا نواز شریف کی رخصتی میں کوئی کردار ہے۔

چوہدری نثار کا دو حصوں پر مشتمل تفصیلی انٹرویو ہفتہ اور اتوار کو رات 10 بج کر 5 منٹ پر جیو نیوز کے پروگرام "جرگہ" میں نشر کیا جائے گا۔

گزشتہ روز انٹرویو کے نشر کیے گئے کچھ حصے میں چوہدری نثار نے مریم نواز سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور بے نظیر بھٹو کے درمیان موازنہ درست نہیں کیوں کہ دونوں کے درمیان زمین آسمان کا فرق ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ  بچے بچے ہوتے ہیں اور وہ غیرسیاسی ہوتے ہیں اس لیے انہیں لیڈر کیسے مانا جاسکتا ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مریم نواز کو لیڈر بننا ہے تو پہلے عملی سیاست میں حصہ لیں اور انہیں سیاست میں حصہ لے کر خود کو ثابت کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :