پاکستان
Time 09 ستمبر ، 2017

روہنگیا مسلمانوں پر مظالم: پاکستان کا میانمار کے سفیر سے احتجاج

اسلام آباد: پاکستان نے میانمار کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر احتجاج ریکارڈ کرایا اور مظالم روکنے کے لیے موثر اقدامات کا مطالبہ کردیا۔

میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے اور گزشتہ 15 دن میں خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں افراد مارے جاچکے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق تقریباً ایک ہزار روہنگیا مسلمان تشدد کرکے ہلاک کردیئے گئے جب کہ متعدد گھر بھی نذر آتش کیے جاچکے ہیں۔

دنیا بھر میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف غم وغصہ بڑھ رہا ہے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان نے میانمار کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا جہاں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا اور  مظالم روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔

اس سے قبل مسلم ملک مالدیپ نے بھی روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف احتجاجاً میانمار سے تجارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جب کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گٹرس نے میانمار کو خبردار کیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ کئے جانے والے سلوک کا سلسلہ جاری رہا تو پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا۔

مزید خبریں :