کھیل
Time 11 ستمبر ، 2017

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی: ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی

فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم لاہور پہنچ گئی جہاں چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور دیگر آفیشلز نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ 

8 سال بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے کھل گئے اور آزادی کپ کا پہلا ٹاکرا کل شام سات بجے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

ورلڈ الیون کی ٹیم کے 13 کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں لاہور پہنچے جب کہ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے سیموئل بدری آج شام تک پاکستان پہنچ جائیں گے۔ 

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور سی سی پی او لاہور امین وینس سمیت اعلیٰ حکام نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔


بعد ازاں کھلاڑیوں کو انتہائی سخت سیکیورٹی کے حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

ہوٹل پہنچنے پرورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے لاہور آمد کے ساتھ پاکستانی شائقین کےنام ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان آ کر بہت خوشی ہوئی۔

اینڈی فلاور نے گرم جوشی سے استقبال پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان اچھے میچ ہوں گے۔

ورلڈ الیون کا 14 رکنی اسکواڈ جو پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے میدان میں اترے گا ان میں کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ڈیوڈ ملر، مورنی مورکل، عمران طاہر، ٹم پین، جارج بیلی، گرانٹ ایلیٹ، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، تمیم اقبال، ڈیرن سیمی اور تھسارا پریرا شامل ہیں۔

ادھر قومی کرکٹ ٹیم کا 16 رکنی اسکواڈ بھی سرفراز احمد کی قیادت میں ورلڈ الیون سے ٹکرانے کے لیے تیار ہے جس میں فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، عماد وسیم، عمر امین، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، عامر یامین، محمد عامر، رومان رئیس، عثمان خان اور سہیل خان کے نام شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان ہونے والی سیریز کو آزادی کپ کا نام دیا گیا ہے جو 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل ہے اور یہ تینوں میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 12ستمبر کو ہوگا جبکہ دوسرا میچ 13 کو اور تیسرا اور آخری میچ 15 ستمبر کو کھیلا جائےگا۔ یہ میچز پاکستانی وقت مطابق رات 7 بجے شروع کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :