14 ستمبر ، 2017
کراچی: سینٹرل جیل کراچی سے فرار ہونے والے خطرناک دہشت گرد افغانستان پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد شیخ ممتاز عرف فرعون اور محمد احمد عرف منا 13 جون کو کراچی سینٹرل جیل سے فرار ہوئے تھے جو اب افغانستان پہنچ چکے ہیں۔
ملزم شیخ محمد عرف فرعون اور احمد خان عرف منا کو 2013 میں سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا، ملزمان 33 سنگین مقدمات میں ملوث ہیں اور ان پر 40 افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے جن میں زیادہ تر پولیس اہلکار شامل ہیں۔
ملزم احمد منا کو ایک کیس میں 10 سال قید کی سزا بھی ہوچکی تھی۔ قیدیوں کے فرار ہونے کے معاملے پرسپرنٹنڈنٹ اورڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت 12اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اور دیگراداروں کی جانب سے اس حوالے سے رپورٹ محکمہ داخلہ میں جمع کرائی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہےکہ دونوں دہشت گرد سینٹرل جیل سے فرار ہونے کے بعد فوری طور پر بلوچستان گئے اور وہاں سے چمن کے راستے افغانستان فرار ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ دونوں دہشت گردوں کو جیل سے فرار کرانے اور افغانستان پہنچانے والے تمام سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سر توڑ کوششوں اور آپریشن کے باوجود فرار ہونے والے دونوں دہشت گرد ہاتھ نہ آئے۔
سی ٹی ڈی حکام نے اپنی تحقیقات میں بتایا تھا کہ سینٹرل جیل سے ملزمان کے فرار کی کارروائی محض ایک دن کام معاملہ نہیں ہے بلکہ شواہد سے لگتا ہے کہ ملزمان کو منصوبہ بندی سے فرار کرایا گیا اور اس عمل کیلئے کئی دن تک تیاری کی گئی۔