پاکستان
Time 15 ستمبر ، 2017

عمران خان کو گرفتار کرکے 25 ستمبر کو پیش کیا جائے، وارنٹ پولیس حکام کو ارسال

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چیرمین تحریک انصاف کے گرفتاری کے وارنٹ پولیس حکام کو ارسال کردیئے۔

الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم ان کی عدم پیشی پر الیکشن کمیشن نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ عمران خان عوامی نمائندگی ایکٹ 1976 کی  دفعہ 103 کے تحت توہین عدالت کے مرتکب ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ایس ایس پی آپریشنز کو ارسال کردیئے ہیں جس میں کہا گیا ہےکہ چیرمین پی ٹی آئی کو 25 ستمبر کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے اور 2 افراد کی ضمانت دینے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حکم نامے کی کاپی عمران خان نیازی کے بنی گالہ اور پی ٹی آئی سینٹرل سیکریٹریٹ پر ارسال کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے عدالت پر متعصب ہونے کے الزامات لگائے تھے جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں پیش ہونے کے احکامات جاری کئے تھے۔ 

الیکشن کمیشن کے فیصلے پر رد عمل میں گزشتہ روز عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا رویہ غیر جانبدار نہیں، الیکشن کمیشن کیسے وارنٹ جاری کر سکتی ہے؟ اس کے رویے پر اگر سپریم کورٹ جانا پڑا تو جائیں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن (ن) لیگ کی لائن پر چل رہا ہے جب کہ اس کا کام صاف اور شفاف الیکشن کرانے کا ہونا چاہیے۔

مزید خبریں :