29 اپریل ، 2024
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل سلجوق بیرکتار اوغلو نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل سلجوق بیرکتار اوغلو نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلق پر مبنی دیرینہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دونوں مسلح افواج کے درمیان موجود فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ترک کمانڈر نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ترک مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔