Time 20 ستمبر ، 2017
پاکستان

نیب نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے حدیبیہ پیپرملز کیس کو دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔

سپریم کورٹ نے پاناما کیس پر نظرثانی اپیلوں کے فیصلے میں نیب کو ایک ہفتے کے اندر حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کی ہدایت دی تھی جس پر نیب حکام نے عدالت کو کیس پر اپیل دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

جیونیوز کے مطابق نیب نے حدیبیہ پیپرملز کیس کو دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے جو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہے۔

نیب کی جانب سے دائر اپیل میں نوازشریف، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو فریق بنایا گیا ہے جب کہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں نئے شواہد سامنے آئے ہیں ان پر تحقیقات ہونی چاہیے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمیٰ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف کارروائی کرے جس میں عدالت عالیہ کے دو ججوں کے درمیان اس کیس پر فیصلہ ٹائی ہوا تھا اور تیسرے ریفری جج نے کیس ختم کرنے کا کہا تھا۔

نیب کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اس معاملے میں کچھ چیزیں ضروری ہے جن کی نیب تحقیقات کرنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر کردیئے ہیں جب کہ احتساب عدالت کے طلب کرنے پر بھی شریف خاندان عدالت میں پیش نہیں ہوا جس کے باعث انہیں دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں عدم پیشی پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بھی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں جب کہ نیب لاہور نے ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے بینکوں کو خط بھی لکھا ہے۔

مزید خبریں :