20 ستمبر ، 2017
ممبئی: بالی وڈ اداکار ویویک اوبرائے نے 2003 میں ایشوریا رائے کی وجہ سے سلمان خان سے ہونے والی لڑائی کا محاذ ایک بار پھر کھول دیا ہے۔
سلمان خان اور ایشوریا رائے کے معاشقے میں ویویک اوبرائے کی انٹری کے باعث دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی اور 2003 میں اداکار ویویک اوبرائے نے پریس کانفرنس میں سلمان خان پر ڈرانے دھمکانے کے الزامات عائد کیے تھے۔
ویویک نے سلمان پر ایشوریا رائے کی وجہ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام لگایا تھالیکن بعد میں ایشوریا نے ویویک کو بھی غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے ابھیشیک بچن سے شادی کرلی تھی۔
اب ویویک اوبرائے کو 14 سال بعد پھر پرانی دشمنی یاد آگئی ہے اور انہوں نے ایک بار پھر 2003 کے واقعات کا ذکر کرکے پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔
ویویک نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ سلمان سے لڑائی کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے کسی نے اپنی طاقت کا استعمال کرتےہوئے مجھ پر فتویٰ جاری کیا ہو کیوں کہ ہٹ فلموں کے باوجود کوئی بھی پروڈیوسر کام دینے کے لیے تیار نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس جھگڑے کے بعد میری ذاتی زندگی برباد ہوئی جس کی وجہ سے کسی بھی چیز پر توجہ مرکوز نہیں کرسکتا تھا جب کہ 2007 میں فلم ’’شوٹ آؤٹ آف لکھنڈ والا‘‘ میں کامیاب اور بہترین اداکاری کے باوجود گھر میں تھا۔
ویویک اوبرائے کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کے بعد ہر ایوارڈ فنکشن میں میرا مذاق اڑایا جاتا تھا اور یہاں تک کہ ایک ایوارڈ شو سے خط ملا جس میں مجھے فلم ’’کمپنی‘‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دینے کی اطلاع دی گئی لیکن تھوڑی دیر میں مجھے پیغام ملا کہ ایوارڈ شو میں ہی شرکت نہ کروں اور وہ ایوارڈ کسی اور اداکار کو دیا گیا۔