Time 27 ستمبر ، 2017
پاکستان

کراچی سینٹرل جیل کے قیدی کی پولیس کی وردی میں ویڈیو


کراچی: سینٹرل جیل میں قتل کے جرم میں موجود ایک قیدی کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہیں جیل کے اے ایس پی کی وردی پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں قیدی نے الزام عائد کیا ہے کہ قیدیوں سے منشیات فروشی اور اغوا برائے تاوان جیسے جرائم کروائے جاتے ہیں۔

قیدی کا کہنا تھا کہ سینٹرل پیسے دے کر سارے کام جیل سے کرائے جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب آئی جی جیل خانہ نصرت منگن نے کہا ہے کہ قیدی تاجو بلوچستان کے صوبائی وزیر کے قتل میں بند ہے جبکہ وڈیو ایک سے ڈیڑھ سال پرانی ہے

ان کا مزید کہنا تھا کہ قیدی کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر خیرپور جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب جیل میں کالعدم تنظیم کے گرفتار دہشت گردوں کی جانب سے داعش کے لئے بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے اور اب تک کالعدم تنظیم کے تقریباً 30 ملزمان عالمی دہشت گرد تنظیم میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ یہ انکشاف حساس ادارے کی جانب سے خفیہ اطلاع پر سینٹرل جیل میں چھاپا مار کر کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو حراست میں لیے جانے کے بعد ہوا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگرد دو سال سے جیل میں داعش کے لئے بھرتیاں کررہے تھے، دونوں افراد اب تک 30 قیدیوں کو داعش میں بھرتی کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ سی ٹی ڈی نے سینٹرل جیل سے 2 دہشت گردوں کے فرار سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ میں جیل کی اندرونی سیکیورٹی کی صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :