28 ستمبر ، 2017
کراچی: ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے مقابلے کے دوران القاعدہ اور داعش کے 5 پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
راؤ انوار کے مطابق کراچی کے علاقے سچل میں خفیہ اطلاع پر حساس اداروں اور پولیس نے چھاپہ مارا اور علاقے میں موجود دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ کا محاصرہ کیا۔
راؤ انوار نے بتایا کہ محاصرہ کرنے پر دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور اسی دوران علاقے سے کچھ دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کے بعد پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی اور فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
راؤ انوار کا کہنا تھا کہ دہشت گرد محرم الحرام کے دوران ہی کراچی میں دہشت گردی کی کارروائی کرنا چاہتے تھے جب کہ ان کے قبضے سے راکٹ، ایک موٹر سائیکل اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
راؤ انوار کے مطابق یہ گروپ فرقہ ورانہ اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا جبک ہ انہوں نے بغیر ڈرائیور چلنےوالی ایک ریموٹ کار بنائی تھی۔
اس کار کو محرم کے دوران کسی جلوس یا کسی اور کارروائی کے لیے بھی استعمال کی جاسکتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں پر چار پانچ دنوں سے نظررکھی ہوئی تھی تاہم ان کے فرار ہونے کا خدشہ تھا اس لیے اچانک کارروائی کی گئی۔
راؤ انوار نے بتایا کہ ہلاک ایک دہشتگرد کی شناخت عامر شریف کے نام سے ہوئی ہے جو فیصل آباد کا رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے انجینیر تھا۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق عامر شریف ڈرون ٹیکنالوجی کا ماہر تھا اور اس نے بم نصب ریموٹ کنٹرول گاڑی بنا رکھی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک اور ہلاک دہشت گرد کا تعلق سانحہ صفورہ کے ملزم سعد عزیز سے تھا۔