01 اکتوبر ، 2017
اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ گھر کا گند صاف کرنے کی بات کمزور ی نہیں بلکہ طاقت کی علامت ہے اور اس سے یہ تاثر ابھرا کہ ہم زندہ قوم ہیں جو خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے۔
چین کے دورے کے بعد نمائندہ جنگ سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ افسوسناک حقیقت ہے کہ ہم مذہبی ایام کو بھی جنگی ماحول میں منانے پر مجبور ہو گئے ہیں، ایسے عناصر کی بیخ کنی ضروری ہے جن کی وجہ سے ملک عدم استحکام اور فرقہ واریت کا شکار ہوا۔
انہوں نے کہا کہ گھر کا گند صاف کرنے اور درست کرنے کے احتسابی عمل سے دنیا میں پاکستان کی پوزیشن بہتر ہوئی، اس سے ملک کی توہین نہیں ہوتی بلکہ لوگوں میں اعتماد آتا ہے اور دنیامیں ہمارا وقار بلند ہوتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ چین کے دورے میں دنیا کو بتادیا کہ پاکستان نے دہشت گرد تنظیموں کی کمر توڑ دی ہے اور تمام ملکوں کو مل کر چلنا ہوگا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ عاشور پر ملک بھر میں تمام ضروری سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں، کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف حالیہ کارروائی کی وجہ سے وہاں غیر معمولی سکیورٹی اقدامات کرنا پڑے، موبائل فون سروس سیکیورٹی اداروں کی سفارش پر بند کی جاتی ہے۔
نوٹ: یہ خبر یکم اکتوبر 2017 کے شمارے میں شائع ہوئی ہے۔