04 اکتوبر ، 2017
حکومت اور اپوزیشن نے انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کے دوران کاغذات نامزدگی فارم کے حلف نامے میں ہونے والی تبدیلی کو دوبارہ اصل شکل میں لانے پر اتفاق کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران امیدواروں کے کاغذات نامزدگی فارم میں حلف نامے میں تبدیلی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر حکومت اور اپوزیشن کے رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ حلف نامے کو پہلے والی شکل میں واپس لانے کے لئے کل ترمیمی بل لایا جائے گا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون زاہد حامد کا کہنا تھا کہ حلف نامے کو اس کی اصل شکل میں بحال کریں گے جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔
زاہد حامد کے مطابق قومی اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس کے دوران ترمیمی بل پیش کریں گے اور پرانے حلف نامے کو دوبارہ کاغذات نامزدگی کا حصہ بنائیں گے۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جب غلطی کا احساس ہو تو درست کرنا کوئی غلط بات نہیں، حلف نامہ اپنی اصل حالت میں واپس لایا جائے گا۔
تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ بڑا حساس، جذباتی اور اہم مسئلہ ہے، سب نے اتفاق کیا ہے کہ کل انتخابی اصلاحات بل میں ایک ترمیم کی جائےگی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کو تجویز دی ہے کہ شق 203 پر بھی نظرثانی کی جائے۔
جمعیت علما اسلام کے رہنما اکرم درانی نے اس موقع پر کہا کہ کل اسمبلی میں بھی کہا کہ حلف نامے کا معاملہ بہت حساس ہے اس میں دیر نہیں ہونی چاہیے جب کہ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ حلف نامے میں ایک نقطہ بھی تبدیل نہیں ہوگا۔